خیبرپختونخوا میں جرگہ سسٹم کی بحالی

وزیراعظم نے خیبرپختونخوا میں جرگہ سسٹم کی بحالی کیلئے کمیٹی قائم کردی

ویب ڈیسک: وزیر اعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا میں تنازعات کے متبادل حل اور جرگہ سسٹم کی بحالی کا جائزہ لینے کے لیے 18 رکنی اعلی اختیاراتی کمیٹی قائم کردی ۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق 18رکنی اعلیٰ اختیایراتی کمیٹی اس سلسلے میں ایک ماہ کے اندر اپنی سفارشات تیار کرکے وزیر اعظم شہباز شریف کو پیش کرے گی۔
وفاقی وزیر سیفران انجنیئر امیر مقام کو کمیٹی کا کنوینر مقرر کیا گیا ہے جبکہ وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ شریک کنوینر ہوں گے۔
دیگر ارکان میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اعلی خیبرپختونخوا یا ان کا نمائندہ، گورنر خیبرپختونخوا یا ان کا نمائندہ، شکیل درانی ، ڈاکٹر محمد جہانزیب خان، صلاح الدین محسود ، چیف سیکرٹری و آئی جی خیبرپختونخوا، اور وفاقی وزارتوں و اداروں کے نمائندے شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی کا مقصد یہ جانچنا ہے کہ صوبے میں مقامی سطح پر متبادل نظامِ انصاف خصوصا جرگہ سسٹم کو کیسے موثر انداز میں بحال کیا جا سکتا ہے، اور سول انتظامیہ کو کس طرح بااختیار بنایا جائے تاکہ عوام کو فوری اور قابلِ اعتماد انصاف فراہم کیا جا سکے۔
کمیٹی تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے گی اور ایسی تجاویز مرتب کرے گی جو آئین اور عدلیہ کی نگرانی میں ہوں اور تمام مکاتبِ فکر کے لیے قابل قبول ہوں۔

مزید پڑھیں:  پشاور سمیت پورے خیبرپختونخوا میں 21 تا 25جولائی مزید بارشوں‌ کی پیشگوئی