ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت سیاحت کے فروغ کیلئے بہترین اقدامات کررہی ہے۔
خیبرپختونخوا ٹورازم اتھارٹی، پاک فوج اور چترال سکاؤٹس کے تعاون سے شندور پولو فیسٹیول کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بات کرتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا ایک پرامن صوبہ ہے ،یہاں سیاحت کے کافی مواقع موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بین الاقوامی سطح کا میلہ منعقد کر رہا ہے ،صوبائی حکومت سیاحت کو فروغ کیلئے بہترین اقدامات کررہی ہے،شندور پولو فیسٹیول میں ضلعی انتظامیہ چترال اپر و لوئر اور پولیس کا تعاون حاصل ہے۔
افتتاحی روز سرلاسپور چترال اور غذر گلگت بلتستان کی ٹیموں کے مابین میچ کھیلا گیاسرلاسپور نے غذر کی ٹیم کو 6-3 گول سے شکست دی۔
تقریب میں صوبائی وزیر کھیل فخر جہاں ،سیکرٹری سیاحت بختیار خان، کمشنر ملاکنڈ عابد وزیر اور ڈی جی ٹورازم اتھارٹی حبیب اللہ عارف بھی موجود تھے ۔
