ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں نرمی کا فیصلہ، اعلامیہ جاری کر دیا گیا، سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے تحت ابتدائی تقرری برائے سول پوسٹس کے لئے عمر کی حد میں نرمی کے قواعد 2008 میں تبدیلی کر دی گئی۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمتوں کیلئے عمر کی حد میں نرمی کا فیصلہ کرتے ہوئے قواعد میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا سول سرونٹس ایکٹ 1973 کے تحت ابتدائی تقرری برائے سول پوسٹس کے لئے عمر کی حد میں نرمی کے قواعد 2008 میں تبدیلی کی گئی ہے۔
اس ترمیم کے ساتھ ہی مختلف عہدوں پر تعیناتی کے لیے عمر کی حد میں نرمی مجاز حکام کی منظوری سے دی جا سکے گی، ترمیم کے بعد گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے عہدوں پر تعیناتی کے لیے ایڈمنسٹریٹو سیکرٹری دو سال، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ پانچ سال اور چیف سیکرٹری دس سال تک عمر میں نرمی دے سکیں گے۔
اعلامیہ کے مطابق گریڈ 16 اور اس سے کم کی سیکرٹریٹ پوسٹوں کے لیے سپیشل سیکرٹری پانچ سال اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ دس سال تک نرمی دے سکتے ہیں۔ گریڈ 16 اور اس سے کم کی غیر سیکرٹریٹ پوسٹوں پر تقرری کے لیے متعلقہ مجاز اتھارٹی دو سال، ایڈمنسٹریٹو سیکرٹری پانچ سال اور سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ دس سال تک عمر کی حد میں نرمی دے سکے گا۔
نئے قواعد کے مطابق بیوہ، بیٹا یا بیٹی جس کا سرکاری ملازم دہشت گردی کے کسی واقعے میں شہید ہوا ہو، انہیں بھی عمر کی حد میں نرمی دی جا سکے گی۔ یاد رہے کہ نوٹیفکیشن چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی منظوری سے جاری کیا گیا ہے۔
