ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے بغیر بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، بجٹ پر بانی سے مشاورت ہمارا سیاسی حق ہے، اس کے بغیر بجٹ منظوری ممکن نہیں۔
تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر سیاسی درجہ حرارت بڑھنے لگا ہے، وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے اسمبلی تحلیل کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ بانی چیئرمین سے ملاقات کے بغیر بجٹ پاس نہیں ہونے دیں گے، پارٹی بانی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی وقت اسمبلی توڑنے کا اختیار رکھتے ہیں، جبکہ کابینہ نے بھی حمایت کر دی ہے، لیکن بجٹ پر بانی سے مشاورت ہمارا سیاسی حق ہے، اگر بجٹ منظور نہیں ہوتا تو تمام سرکاری محکمے مفلوج ہو سکتے ہیں اور آئینی طور پر وفاق صوبے کا کنٹرول سنبھالنے کا اختیار رکھتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کی حکومت گرانے کی سازشیں کی جا رہی ہیں لیکن وہ اس سازش کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے، یہ نظام مزید نہیں چل سکتا اور نہ ہی ہم اسے چلنے دیں گے۔ علی امین گنڈاپور نے اراکین اسمبلی کو ہدایت کی کہ وہ کٹ موشنز پر ووٹنگ میں حصہ نہ لیں کیونکہ اس سے بجٹ منظوری کا عمل شروع ہو سکتا ہے۔
