ویب ڈیسک: موسم گرما میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور ٹرانسفارمرز کی خرابی کا مسئلہ حل کرتے ہوئے خیبرپختونخوا کابینہ اجلاس میں مثبت اقدام اٹھایا گیا، اجلاس میں خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کیلئے ایک ارب سے زائد کا فنڈز منظور کر لیا گیا، اس کے ساتھ ہی اجلاس میں صوبائی حکومت اور پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کے درمیان معاہدے کی منظوری دیدی۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت خیبرپختونخوا کابینہ کا 34واں اجلاس ہوا ، جس میں کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹریز، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انتظامی سیکرٹریز اور ایڈووکیٹ جنرل خیبر پختونخوا نے شرکت کی۔
صوبائی کابینہ نے بی آر ٹی پشاور کے لیے مزید 50 نئی ڈیزل ہائیبرڈ بسوں کی خریداری کی منظوری دیدی، ابتدائی طور پر ٹرانس پشاور نے 220 بسیں حاصل کی تھیں، بعد ازاں 2022 میں 24 مزید بسیں شامل کی گئیں، جس سے کل تعداد 244 ہوگئی، تاہم عوامی مطالبے اور روٹ میں اضافے سے مزید بسوں کی ضرورت تھی، اس لئَے اقدام اٹھایا گیا۔
اجلاس میں صوبائی حکومت اور پاک قطر ایسٹ مینجمنٹ کمپنی کے درمیان معاہدے کی منظوری بھی دی گئی، اس کے ساتھ ہی صوبائی کابینہ نے چترال کے ارندو گول اور اپر کوہستان فارسٹ ڈویژنز میں غیر قانونی طور پر کاٹی گئی لکڑی کے استعمال سے متعلق طریقہ کار کے نفاذ کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔
خیبرپختوںخوا کابینہ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ رولز 2021 میں ترمیم کی منظوری دی گئی، جس کے تحت اب بڈنگ کی مدت 60 دونوں سے کم کرکے 30 دن ہو گی، ایرا کنٹریکٹ ملازمین کی تنخواہوں کے بقایاجات کی ادائیگیوں کے لئے نن اے ڈی پی سکیم کی منظوری بھی دے دی گئی ہے۔
اس کے علاوہ بالاکوٹ مانسہرہ میں کٹیگری ڈی ہسپتال کی تعمیر کے منصوبے پر آنے والی اضافی لاگت کی منظوری سمیت کابینہ نے پشاور انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں جدید طبی آلات کی خریداری کے لئے 346 ملین گرانٹ منظور کر لی ہے، جبکہ بنیادی مراکز صحت اور دیہی مراکز صحت میں بہتر سہولیات کی فراہمی کے منصوبے کی نظرثانی شدہ لاگت بھی منظور کر لی گئی ہے۔
اجلاس میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی میں ریسرچ سینٹر کے قیام کے لئے گرانٹ ان ایڈ کی مشروط منظوری دی گئی، جبکہ خیبر پختونخوا این جی اوز رولز 2024 میں ضروری ترمیم بھِی کر لی گئی، اجلاس میں ضلع خیبر اور مہمند کے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز کی دو گاڑیوں کی خریداری اور گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی میں نرمی کی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں خیبر پختونخوا ہائی ویز اتھارٹی کے بجٹ برائے مالی سال 25۔2024 کی منظوری دیدی گئی۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ نے گرمیوں میں لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے عوام کو درپیش مشکلات کے پیش نظر خراب ٹرانسفارمرز کی مرمت کیلئے ایک ارب سے زائد کا فنڈز منظورکر لیا ہے، اس سلسلے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ چونکہ بجلی کے ٹرانسفارمرز کی مرمت وفاقی حکومت کی ذمہ داری ہے، اس لئے صوبائی حکومت کی جانب سے ٹرانسفارمرز کی مرمت پر خرچ ہونے والی رقم کی ادائیگی کے لئے وفاقی حکومت کیساتھ معاملہ اٹھانے کی منظوری دی گئی ہے۔
