ویب ڈیسک: ضلع مردان کی تحصیل رستم میں ناروا لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام کا شدید احتجاج کرتے ہوئے مرکزی شاہرہ بند کر دی گئی۔
رستم میں ناروا لوڈشیڈنگ کیخلاف عوام سڑکوں پر نکل آئے، اور گڑیالہ، بھائی خان اور ہوسئی کے عوام نے گریڈ سٹیشن کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا، جبکہ اس دوران مظاہرین نے رستم مردان روڈ کو ہرقسم ٹریفک کیلئے بند کئَ رکھا۔
دو گھنٹے مسلسل احتجاج اور روڈ بندش سے گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین کا کہنا تھا کہ اس شدید گرمی میں 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کہاں کا انصاف ہے، اس سے جس قدر عام لوگ متاثر ہو رہے ہیں کسی کو اندازہ نہیں۔
مظاہرین کا کہنا تھاکہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے ہماری زندگی اجیرن ہو گئی ہے، ہم مجبور ہوکر سڑکوں پر نکل آئے ہیں، ہمارا مطالبہ پورا کیا جائے۔
بعدازاں مقامی انتظامیہ کی مداخلت اور پیر کو اے سی رستم کے دفتر میں واپڈا حکام سے مذاکرات کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کر دیا۔
