ویب ڈیسک: پاکستان اور نیوزی لینڈ نیشنز کپ کے فیصلہ کن میچ میں مدمقابل آ گئے، دونوں ٹیموں کے مابین کل سنسنی خیز مقابلہ ہوگا۔ پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو ہرا کر فائنل کا ٹکٹ کٹا دیا۔
تفصیلات کے مطابق انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن (ایف آئی ایچ) کے نیشنز ہاکی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان نے فرانس کو ہرا کر فائنل کیلیے کوالیفائی کرلیا۔ ملائیشیا کے شہر کوالالمپور میں پاکستان اور فرانس کے درمیان پہلا سیمی فائنل مقررہ وقت کے اختتام پر 3-3 گول سے برابر رہا، تاہم پنلٹی شو آؤٹ میں پاکستان نے فرانس کو 2 کے مقابلے میں 3 گول کر کے شکست دیدی۔
پہلے کوارٹر میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے گول پوسٹ پر بھرپور حملے کیے تاہم کوئی ٹیم گول سکور کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، دوسرے کوارٹر کے 10ویں منٹ میں فرانس نے پاکستان پر ایک گول کی برتری حاصل کی، اس کے بعد تیسرے کوارٹر میں یہ برتری ڈبل کر دی، اور اس کے 3 منٹ بعد ہی پاکستان کے رانا وحید نے گول داغ کر فرانس کی برتری 1-2 کر دی۔
بعدازاں تیسرے کوارٹر کے 12ویں منٹ میں پنالٹی پر سفیان مقیم اور 13ویں منٹ میں رانا وحید نے میچ میں اپنا دوسرا گول سکور کرکے ٹیم کو 2-3 کی برتری دلادی، چوتھے کواٹر میں فرانس کی ٹیم پاکستانی کی برتری کو برابر کرنے میں کامیاب ہوگئی۔
گروپ مرحلے میں پاکستان جاپان کو بھی ہرا چکا ہے، جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی ٹیم 4-3 سے ناکام رہی، ملائیشیا کے خلاف پہلا میچ برابر رہا اور بہتر گول اوسط پر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔
دوسری طرف نیشنز ہاکی کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو دھول چٹا دی، میچ میں نیوزی لینڈ نے جنوبی کوریا کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی فیصلہ کن میچ کیلئے نیوزی لینڈ پاکستان کے مدمقابل آ گیا۔
یاد رہے کہ ایف آئی ایچ نیشنز کپ کا فائنل کل پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہوگا، ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم پرو ہاکی لیگ میں رسائی حاصل کرنے کی حقدار ٹھہرے گی۔
