ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں فائرنگ واقعات ایک بار پھر تیزی سے رونما ہونے لگے ہیں، اس دوران پولیس اہلکاروں سمیت 7افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق اور زخمیوں میں بچے بھی شامل ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق یہ خیبرپختونخوا میں فائرنگ واقعات صوبائی دارالحکومت پشاور سمیت مردان ،صوابی اور کرک کے اضلاع میں پیش آئے، اس کے ساتھ ساتھ وزیرستان میں ڈرون حملہ بھِی ہوا ہے، جن میں مجموعی طور پر پولیس اہلکاروں سمیت 7افراد جاں بحق جبکہ 8 زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع مردان بابوزئی کے پہاڑی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 4 جوان شہید ہو گئے، جن میں 3 سرکاری اہلکار اور ایک شہری شامل ہیں۔
ضلع صوابی میں نامعلوم شدت پسندوں نے فائرنگ کر کے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کر دیا، شہید ہونے والے یہ پولیس اہلکار ہوٹل میں کھانا کھا رہے تھے کہ اس دوران انہیں نشانہ بنایا گیا۔ شہید اہلکاروں میں کانسٹیبل جمال الدین اور ڈرائیور زاھد شامل ہیں۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ضلع کرک لتمبر میں سی ٹی ڈی اہلکار امجد نواز بچے سمیت زخمی ہو گیا ہے، جنہیں فوری طور پر علاج معالجہ کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
ضلع جنوبی وزیرستان کے علاقہ دشکہ مکین میں مبینہ ڈرون حملہ ہوا ہے، اس دوران ایک بچہ جاں بحق جبکہ 6 دیگر افراد زخمی ہوئے ہیں، زخمی بچے رزمک ہسپتال منتقل کر دیئے گئے ہیں، جہاں ان میں سے 2 بچوں کی حالات نازک بتائی جا رہی ہے۔
