ویب ڈیسک: اس شدید گرمی میں بھی بجلی بند ہونے پر شہریوں نے پیسکو کو داروغہ جہنم کا خطاب دیدیا، تپتی دھوپ اور اوپر سے بجلی نہ ہونے سے شہریوں کا برا حال ہے، ان کی چیخیں نکل گئِی ہیں، اوپر سے بھاری بھرکم بجلی بل دیکھ کر شہریوں کے اوسان خطا ہو گئے ہیں، اس صورتحال میں شہریوں نے پیسکو کو داروغہ جہنم کا خطاب دیدیا، جو صرف انسانوں کو تکلیف و ایزا رسائی کے ماہر ہو سکتے ہیں۔
شہر کے مختلف علاقوں میں صبح سے بجلی بند ہے، جس سے عوام کی چیخیں نکل گئیں، شدید ترین گرمی، حبس اور ساتھ میں پیسکو کی بوسیدہ ترین بجلی سروس سے بجلی بار بار ٹرپ کر جاتی ہے، جس سے شہریوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا گیا ہے ، اوپر سے پیسکو حکام کی بدتمیزی اپنی حدوں کو چھو رہی ہے، اگر کوئی سائل بل درستگی کے معاملے میں ان کے دربار میں حاضری دیتا ہے تو یہ پیسکو حکام انہیں باتیں سنا کر واپس کر دیتے ہیں۔
شہریوں کو گرمی، طویل لوڈ شیڈنگ اور مسلسل ٹرپنگ کے ساتھ مستقل گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، ایسے میں لوگ پیسکو کو جھولی بھر بھر کر بد دعائیں دے رہے ہیں، حاجی کیمپ، سیٹھی ٹاؤن اور ملحقہ علاقوں میں صبح سے بجلی غائب ہے، جس سے علاقوں میں پانی ناپید ہو گیا ہے، شدید گرمی سے بچے جوان بوڑھے خواتین سب بلبلا اٹھے۔
اس کے جواب میں پیسکو کی جانب سے کہا گیا ہے کہ بجلی کی ہائی ٹرانسمیشن لائن پر کام جاری ہے، اس لیے بجلی بند رکھی ہے، بجلی ترسیل کار کمپنیاں آج تک بوسیدہ نظام کو جدت میں تبدیل نہ کر سکیں، اس لیے روزانہ لائن لاسسز اور پاور انٹرپٹ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
