امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بارود

امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بارود برسا دیاگیا، 159شہید، سینکڑوں زخمی

ویب ڈیسک: غزہ میں آگ اور خون کا کھیل جاری، امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بارود برسا دیاگیا، جس سے جہاں ایک طرف 159 فلسطینی شہید ہوئے ہیں، وہیں سینکڑوں زخمی ہو گئے ہیں، جن میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔
فلسطین کے مختلف علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے صیہونی بربریت میں 85 فلسطینی غزہ پٹی میں شہید ہوئے ہیں، غزہ سٹی اور شمالی علاقوں میں جاری بمباری سے 60 افراد، جبکہ خان یونس میں خوراک کے منتظر 16 افراد کو نشانہ بنایا گیا، امداد کے منتظر افراد پر ٹینکوں، طیاروں کے ذریعے حملہ کیا گیا جو انسانیت کی تذلیل ہے۔
امداد کے منتظر فلسطینیوں پر بارود برسانے اس کے حالیہ واقعہ میں 159 فلسطینی شہید جبکہ سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں، جس کے ساتھ ہی شہداء کی مجموعی تعداد 55 ہزار 613، جبکہ ایک لاکھ 29 ہزار 760 افراد زخمی ہو چکے۔
غزہ کی سول ڈیفنس ایجنسی کے ترجمان محمود باسل کے مطابق جنوبی غزہ میں پانچ افراد کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ امدادی سامان کے انتظار میں کھڑے تھے، جبکہ مزید 26 فلسطینیوں کو وسطی علاقے نیٹساریم کاریڈور کے قریب نشانہ بنایا گیا، یہ علاقہ اسرائیلی فوج کے زیرِ کنٹرول ہے جہاں روزانہ ہزاروں افراد خوراک کی تلاش میں پہنچتے ہیں۔
یاد رہے کہ یونیسیف نے غزہ میں غذائی قلت کے شکار فلسطینی بچوں کی تعداد خطرناک حد تک بڑھنے سے بھی خبردار کیا ہے۔ یونیسیف کے ترجمان جیمز ایلڈر کے مطابق غزہ میں صرف 40 فیصد صاف پانی فراہم کرنے والے پلانٹس کام کر رہے ہیں، اور غذائی قلت کے باعث چھ ماہ سے پانچ سال کی عمر کے بچوں میں شدید کمزوری کے کیسز میں 50 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔

مزید پڑھیں:  ہنزہ: غیرملکی پیرا گلائیڈر کی کریش لینڈنگ، ہاتھ میں فریکچر