ویب ڈیسک: این ڈی ایم اے نے ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں 3روز تک آندھی، طوفان اور بارشوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے الرٹ جاری کر دیا ہے، جس میں شہریوں و سیاحوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق این ڈی ایم اے کی جانب سے پیشگی خبردار کیا گیا ہے کہ ملک بھر کے بیشتر علاقوں میں 3روز تک آندھی، طوفان اور بارشوں کا امکان ہے، موسمی اثرات سے گلگت بلتستان، آزاد کشمیر، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے بیشتر علاقے متاثر ہو سکتے ہیں۔
جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ شدید ہواؤں اور طوفان کے دوران کمزور درخت، کچی دیواریں اور غیر محفوظ تعمیرات کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے، اس لئے شہری کچی دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز اور دیگر غیر محفوظ ڈھانچوں سے دور رہیں۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اپنی گاڑیاں محفوظ اور چھت دار جگہوں پر پارک کریں تاکہ کسی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ سفر کرنے والے افراد کو احتیاط برتنے کی سختی سے ہدایت کی گئی ہے، کیونکہ طوفانی موسم کے دوران حد نگاہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے، جو ٹریفک حادثات کا سبب بن سکتا ہے۔
