ایران پر امریکی حملوں سے خطے

ایران پر امریکی حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی، پاکستان

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے واضح کہا ہے کہ ایران پر امریکی حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی، پاکستان امریکا کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا، جس میں پاکستانی مندوب نے اپنا موقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر امریکی حملوں سے خطے میں کشیدگی مزید بڑھے گی، سلامتی کونسل کشیدگی کم کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے، جبکہ پاکستان ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
روس، چین اور پاکستان کی جانب سے سلامتی کونسل میں قرارداد پیش کی گئی جس میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ اور عالمی قوانین کی پاسداری، شہریوں کے تحفظ اور مذاکرات سے حل پر زور دیا گیا۔ پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلانے پر شکریہ ادا کرتا ہوں، ایران کی جوہری تنصیبات پر حملے کی مذمت، فوری اور غیر مشروط جنگ بندی اور ایران کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتےہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں کونسل اراکین نے کشیدگی سے آگاہ کیا تھا، پاکستان نے یواین چارٹر کے مطابق اصولی مؤقف اپنایا، تنازع کے پر امن حل کے لیے سفارتکاری کو موقع دیا جائے ،چاہتے ہیں کہ تنازع کا پر امن حل نکالا جائے۔

مزید پڑھیں:  میگا کرپشن سکینڈل: مرکزی ملزم کی پلی بارگین کیلئے نیب کو دوبارہ درخواست