ویب ڈیسک: صیہونیوں کے فضائی حملوں کے بعد ایران نے خیبر شکن میزائل اسرائیل پر داغ دیا، جس کے ساتھ ساتھ کئی بیلسٹک میزائل بھی فائر کئَے، جس سے اسرائیل کا پاور پلانٹ تباہ ہونے سے بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، اور میزائل گرنے کے ساتھ ہی کئِ شہروں میں دھماکے سنے گئے۔
تفصیلات کے مطابق ایران نے صہیونی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی میزائل داغے ہیں، س دوران جنوبی اسرائیل میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، اور کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے سنے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آج اسرائیل پر کیے گئے حملے میں خیبر شکن ، عماد، قدر، فتاح ون میزائل استعمال کیے گئے، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے تباہی مچا دی، جبکہ دوسری طرف اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک سٹریٹجک انفراسٹرکچر کے قریب میزائل گرا ہے، جس کے نتیجے میں کئی قصبات میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔
حملے کے دوران تقریباً 35 منٹ تک سائرن بجتے رہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد آج سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے۔ اسرائیلی فوج نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب 6 میزائل داغے ہیں، اسرائیلی میڈیا کے مطابق نہاریا، گشر حزیو، حیلا، میعونا اور میعیلیا سمیت کئی شہروں میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔
تہران کے مغرب میں واقع شہر کرج میں بھی ایران کا فضائی دفاعی نظام فعال ہو چکا ہے، اس علاقے میں یورینیم افزودگی کے سینٹری فیوجز کے پرزے تیار کیے جاتے ہیں۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ تقریباً 20 اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایران میں عسکری اہداف پر حملے کیے، جبکہ ایرانی ذرائع ابلاغ نے اطلاع دی کہ ملک کے مختلف علاقوں کو اسرائیلی فضائی حملوں کا سامنا رہا۔
ایرانی فوج کی جانب سے مار گرائے جانے والے اسرائیل کے جدید ہرمس 900 ڈرون کی فوٹیج نشر کی گئی ہے، یہ ڈرون پاسداران انقلاب کے اہلکاروں نے صوبہ لورستان کے شہر خرمآباد میں ایک کارروائی کے دوران مار گرایا۔ یاد رہے کہ اسرائیلی حملے سے پاسداران انقلاب کے 10 اہلکار شہید ہونے کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ یاد رہے صیہونیوں کے فضائی حملوں کے بعد ایران نے خیبر شکن میزائل اسرائیل پر داغ دیا، جس کے ساتھ ساتھ کئی بیلسٹک میزائل بھی فائر کئَے.
