25 جون سے مون سون بارشیں

ملک بھر میں 25 جون سے مون سون بارشیں متوقع

ویب ڈیسک: شدید گرمی کے بعد ملک بھر میں 25 جون سے مون سون بارشیں متوقع ، جو کہ 2 جولائی تک جاری رہیں گی، اس حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے 25 جون سے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے، جو 2 جولائی تک جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، مالاکنڈ، بونیر، شانگلہ اور کوہستان میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔ اسی طرح 25 سے 28 جون کے دوران بلوچستان کے اضلاع ژوب، بارکھان، کوئٹہ، مستونگ اور زیارت میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ادھر آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی 25 سے 28 جون تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔ 26 سے 28 جون کے دوران پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے، جس کے باعث مقامی آبادی اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں بھی علی الصبح بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا، وفاقی دارالحکومت میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ مزید بارش کا بھی امکان ظاہر کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں راولپنڈی نالہ لئی میں بھی رین الرٹ جاری کردیا گیا، جبکہ پنجاب اور سندھ میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک اور چکوال میں بارش ہو سکتی ہے۔ یاد رہے شدید گرمی کے بعد ملک بھر میں 25 جون سے مون سون بارشیں متوقع ، جو کہ 2 جولائی تک جاری رہیں گی، اس حوالے سے الرٹ جاری کر دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  غزہ پر اسرائیلی فوج کے حملے جاری، مزید 78فلسطینی شہید ہو گئے