ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں 6 رکنی وفد اڈیالہ جیل بھیجنے کا فیصلہ، صوبائی بجٹ کی منظوری کے حوالے سے عمران خان کو مکمل بریفنگ دی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے 6 ارکان پر مشتمل وفد کو عمران خان سے ملاقات کیلئے اڈیالہ جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، وفد کی سربراہی وزیر اعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور کرینگے اور وفد میں شامل ارکان عمران خان کیساتھ ملاقات کر کے بجٹ پر رہنمائی لیں گے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ کے حوالے سے عمران خان کو بریف کرنے اور ان سے رہنمائی لینے کیلئے خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ کی سربراہی میں 6 رکنی وفد اڈیالہ جیل بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، وفد میں وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور، مشیر خزانہ مزمل اسلم، سینٹ میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز، قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سابق وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا شامل ہیں۔
ان اراکین کے علاوہ وفد میں تنظیم کی جانب سے بیرسٹر گوہر یا پھر سلمان اکرم راجہ کو شامل بھی کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق وفد عمران خان سے ملاقات کی کوشش کرے گا تاکہ بجٹ کے حوالے سے عمران خان کی رہنمائی لی جائے اور بجٹ میں عمران خان کی ہدایت کے مطابق تبدیلی کی جا سکے۔
