ویب ڈیسک: وفاق کی جانب سے میٹر ریڈنگ کیلئے اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ متعارف کرانے کے فیصلے کے بعد ہزاروں میٹر ریڈرز کی نوکریاں خطر ے میں پڑ گئیں۔
تفصیلات کے مطابق وفاق کی جانب سے میٹرنگ ریڈنگ کو ڈیجیٹل کرنے کے فیصلے پر پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی سمیت صوبے کی تینوں بجلی تقسیم کار کمپنیوں میں چار ہزار سے زائد میٹر ریڈرز کی ملازمتیں خطر ے میں آنے کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔
اس صورتحال میں یہ ملازمین فارغ کردئیے جائیں گے یا پھر انہیں سرپلس پول میں بھیجا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی جانب سے (اپنا میٹر اپنی ریڈنگ ایپ) کی منظوری کے بعد پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی، ہزارہ الیکٹرک سپلائی کمپنی اور ٹرائبل الیکٹرک سپلائی کمپنی میں موجود میٹر ریڈرز کو فارغ کرنے یا انہیں دیگر شعبوں میں ایڈجسٹ کرنے کا منصوبہ تیار کیا جائیگا۔
ذرائع کے مطابق مدت ملازمت ختم ہونے کے نزدیک درجنوں میٹر ریڈرز کومراعات دینے کے بعد قبل از وقت ملازمت سے فارغ کیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق نئی بھرتیوں کے حوالے سے وفاقی حکومت نے نجکاری کے باعث تاحال منظوری نہیں دی ہے، اس لئے یہ ملازمین سرپلس پول میں جائیں گے یا پھر انہیں دوسرے شعبوں میں ایڈجسٹ کیا جائیگا اور کم مدت والے باقی ملازمین کو فارغ کردیا جائے گا۔
