ویب ڈیسک: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے حکم دیا تو خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کردینگے۔
جوڈیشل کمپلیکس کے باہر میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عدالتوں نے مایوس کیا لیکن اللہ سے امید ہے کہ کہیں نہ کہیں تو بانی پی ٹی آئی کو انصاف مل ہی جائَے گا، عمران خان کیخلاف 300 مقدمات درج ہوئے، جیل جانے سے پہلے وہ 350 پیشیاں بھگت چکے تھے، پانچ دن کے اندر انہیں تین سزائیں ہوئیں جس میں 45 سال کی سزا سنائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو بھی سزائیں دی گئیں، اب انہیں کتابیں تک نہیں دینے دیا جا رہا، رولز کی خلاف ورزی کر کے ملاقاتیں بھی نہیں کرنے دی جا رہیں، یہ سمجھتے ہیں کہ بانی پی ٹی آئی کو مائنس کر لیں گے لیکن بڑے بڑے مائنس نہیں کر سکے۔
بیرسٹر گوہر علی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کا بجٹ پاس نہیں ہوا، بجٹ پاس ہونے میں ابھی بھی کچھ دن باقی ہیں، یہ بانی پی ٹی آئی کی اسمبلی ہے ان کا ووٹ ہے وہ جیسے کہیں گے ویسا ہوگا، بانی پی ٹی آئی جو حکم کریں گے وہ ہم مانیں گے، اسمبلی تحلیل کا کہیں گے تو کر لیں گے۔
