ویب ڈیسک: وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سفیر کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں جہاں ایران اور اسرائیل کے تنازع کے حوالے سے بات چیت کی گئی وہیں دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
ملاقات میں وزیراعظم نے آئندہ ایس سی او سربراہی اجلاس کے کامیاب انعقاد کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، اور چینی صدر اور وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، جبک ہسربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے دورۂ چین سے متعلق دونوں ممالک کی مشاورت کا ذکر کیا۔
چینی سفیر سے بات چیت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک کے جاری منصوبوں کے کامیاب نفاذ کے لیے کام جاری رکھنے کے لیے پوری طرح پُرعزم ہیں۔ انہوں نے مالی اور اقتصادی مدد پر پاکستان کی جانب سے چین کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ مالی اور اقتصادی مدد سے پاکستان کی معیشت کو مستحکم کرنے میں مدد ملی۔
ان کا کہنا تھا کہ مالی اور اقتصادی مدد کے نتیجے میں ملک کے میکرو اکنامک آؤٹ لک میں بہتری آئی، یہ حکومت کے سماجی و اقتصادی ترقی کے ایجنڈے کے لیے اہم ہے، اس موقع پر چینی سفیر نے بحران کے حل کے لیے اقوام متحدہ میں پاکستان کے فعال اور مثبت کردار کی تعریف کی۔
چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے وزیراعظم کو پاک چین دوطرفہ تعاون کے مختلف پہلوؤں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اگست 2025ء کے آخر میں دورہ چین کی کامیابی یقینی بنانے کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
