مائنس عمران خان تب ہوگا جب

مائنس عمران خان تب ہوگا جب ہم زندہ نہیں ہوں گے،علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ مائنس عمران خان تب ہوگا جب ہم زندہ نہیں ہوں گے، حالیہ بجٹ پاس کرنے کی منظوری عمران خان نے دی ہے، جو لوگ صوبائی حکومت گرانے کے خواہاں تھے، وہ مخالفین کے ایجنڈے پر کام کررہے تھے، کارکنان اس سازشی ٹولے کو پہچان لیں۔
مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر محمد علی سیف اور ان کی اہل خانہ کی عمران خان سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ سردار علی امین گنڈاپور نے ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کے اندر اور باہر مخالفین کے بیانیہ کو چلایا گیا، لیکن آج عمران خان نے واضح طور پر کہہ دیا ہے کہ بجٹ پاس کرنا تھا تو ٹھیک کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جن جن لوگوں نے غداری کے فتوے لگائے، جن جن لوگوں نے اپنے بیان تبدیل کئے اور جو جو لوگ مخالفین کے ایجنڈے کو پروموٹ کرکے عمران خان کو نہتا کرنے لگے تھے، ان سب کو پہچان لو، یہ وہی لوگ ہیں، جو چاہتے ہیں کہ عمران خان رہا نہ ہوں، عمران خان کمزور ہوں، یہی لوگ چاہتے ہیں کہ عمران خان کمزور ہو کر ملک میں حقیقی آزادی، آئین کی بالادستی یقینی نہ بنا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ سمجھداری کریں اور پرکھ لیں یہ ذہن نشین کرلیں کہ مائنس عمران خان تب ہوگا جب ہم زندہ نہیں ہوں گے، مخالفین کیساتھ جو لوگ اندر کے ہیں یا باہر کے، وہ سن لیں کہ جب تک ہم زندہ ہیں تب تک عمران خان مائنس نہیں ہوگا، وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں اور وہ ہماری نسلوں اور بچوں کیلئے جہاد کررہے ہیں، مینڈیٹ چوری ہونے کے بعد صرف خیبر پختونخوا کی عوام نے عمران خان کا مینڈیٹ چوری ہونے کے باوجود بچایا۔
علی امین نے ویڈیو بیان میں کہا کہ ایک سازش کی جارہی تھی کہ مالی ایمرجنسی لگا کر بجٹ پاس نہ کراکے گورنر راج لگاکر صوبہ ٹیک اور کرنا چاہتے تھے، ہمارے بہت سے لوگ اس کا حصہ بنے، اس کا تعین آپ خود کریں، کسی کو غدار اور کسی کو مائنس کرنے کی باتیں کی گئیں، مہم چلانے والے عمران خان کیساتھ نہیں تھے بلکہ کسی اور کے بیانیہ کو ترویج دے رہے تھے۔
بجٹ پیش کرنے کے حوالے سے عمران خان کا بیان آگیا تھا اور پھر کہا گیا کہ منظوری کے بعد مشاورت کی جائیگی، عمران خان حکومت ختم کرنے کا کہے تو جتنا فاصلہ دو الفاظ کے درمیان بنتا ہے، اتنے وقت میں حکومت ختم کردوں گا۔ آئینی تقاضے اور مجبوری کے تحت شیڈول کے مطابق بجٹ کو پاس کرنا تھا، آج عمران خان نے واضح کر دیا کہ بجٹ پاس کرکے درست فیصلہ کیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  سویڈن کا پاکستان میں ویزا سروسز دوبارہ شروع کرنے کا اعلان