ویب ڈیسک: شہید میجر سید معیز عباس کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت دیگر اعلیٰ فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق شہید میجر سید معیز عبا س کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن راولپنڈی میں ادا کی گئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ ،اعلیٰ فوجی و سول حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر نے شہید کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ میجر سید معیز عباس شہید بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ، شہید نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کی، میجر سید معیز عباس شہید نے بہادری، قربانی اور حب الوطنی کی بلند روایات قائم کیں۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم شہید کے ورثاء کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے دفاع کیلئے دی گئی عظیم قربانی کو سلام پیش کرتی ہے، ہم اپنے شہداء کے ہمیشہ مقروض ہیں، ہمارے شہداء کا لہو ہماری قوم کی طاقت کی بنیاد ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید کی میت اُن کے آبائی علاقے روانہ کر دی گئی جہاں اُنہیں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردخاک کیا جائے گا، یاد رہے کہ گزشتہ روز جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں خوارج کا مقابلہ کرتے ہوئے 2 بہادر سپوت میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ جام شہادت نوش کر گئے تھے۔
