ویب ڈیسک: خیبر روڈ پر اسمبلی گیٹ تک ریڈ زون ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا، تفصیلات کے مطابق سپیکر صوبائی اسمبلی نے اسمبلی گیٹ تک ریڈ زون ختم کرنے کا حکم دے دیا ہے، اس سلسلے میں صوبائی اسمبلی کے اجلاس کے دوران ایم پی اے ریحانہ اسماعیل نے کہا کہ گزشتہ روز صوبائی اسمبلی کے باہر سرکاری ملازمین پر وحشیانہ تشدد اور لاٹھی چارج کیا گیا، پولیس نے سرکاری ملازمین پر آنسو گیس کی شیلنگ کی۔
صوبائی وزیر قانون آفتاب عالم نے کہا کہ صوبائی حکومت نے مظاہرین پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کا حکم نہیں دیا، مظاہرین نے ریڈ زون میں گھسنے کی کوشش کی تھی جس پر پولیس نے انہیں روکنے کیلئے شیلنگ کی۔
اس موقف پر سپیکر بابر سلیم نے وزیر قانون سے استفسار کیا کہ ریڈ زون کہاں سے شروع ہوتا ہے، جس پر وزیر قانون نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کی عمارت سے ریڈ زون شروع ہوتا ہے سپیکر بابر سلیم سواتی نے حکم دیا کہ اسمبلی کے مین گیٹ تک ریڈ زون ختم کیا جائے، ججوں اور سکیورٹی افسروں کی رہائش گاہیں اسمبلی سے آگے ہیں، اسمبلی تک عوام کو آنے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی کے سامنے سکیورٹی ناکہ بھی ختم کیا جائے ہم کسی کیلئے ریڈ زون نہیں بلکہ عوام کے نمائند ے ہیں،اگر عوام اپنے منتخب نمائندوں کے سامنے احتجاج نہیں کرسکتے تو پھر وہ کہاں جائیں گے۔
