ویب ڈیسک: منشیات کے استعمال اور اس کی غیرقانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر صدر مملکت آصف زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے اپنے پیغامات میں اس بات پر زور دیا ہے کہ محفوظ پاکستان اور صحت مند معاشرے کیلئے منشیات کا ناسور جڑ سے اکھاڑنا ہوگا۔
صدر مملکت آصف زرداری نے کہا ہے کہ منشیات اور نشہ آور اشیاء نوجوان نسل کے مستقبل کو داؤ پر لگا دیتی ہیں، اس مخصوص دن کے حوالے سے ہم معاشرے سے منشیات کے خاتمے کیلئے کوششوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، منشیات کی ترسیل کے نیٹ ورکس کو توڑنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی اختیار کرنا ضروری ہے، منشیات کا استعمال اور اس کی غیر قانونی ترسیل ایک عالمی چیلنج ہے، انسداد منشیات کیلئے مسلسل اور مشترکہ بین الاقوامی تعاون کی ضرورت ہے۔
صدر زرداری نے کہا کہ حکومتِ پاکستان منشیات کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہے، وزارت داخلہ اور انسدادِ منشیات فورس نمایاں کردار ادا کر رہی ہے، ایک صحت مند و محفوظ پاکستان کی تعمیر میں ہم سب کو کردار ادا کرنا ہوگا۔
دوسری طرف وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ منشیات کی زنجیر توڑنے کیلئے قومی اور عالمی سطح پر جدوجہد ضروری ہے، صحت مند معاشرے کیلئے منشیات کا ناسور جڑ سے اکھاڑنا ہوگا، کیونکہ یہی صحت مند معاشرہ ملکی ترقی کی پہلی سیڑھی ہے۔
منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ منشیات کے ناسور کے خاتمے کیلئے مربوط حکمت عملی اور اجتماعی عزم وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہر سال 26 جون کو منشیات کے استعمال اور غیر قانونی سمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے طور پر منایا جاتا ہے جو عالمی سطح پر اس لعنت کے خاتمے کے عزم کی علامت ہے، یہ نہ صرف ایک قانونی بلکہ ایک معاشرتی ذمہ داری بھی ہے کہ ہم اپنی نسلوں کو منشیات کے مضر اثرات سے محفوظ رکھیں۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہناہے کہ اس سال اس عالمی دن کا موضوع زنجیر کو توڑنا سب کیلئے احتیاط اور بحالی مقرر کیا گیا ہے، جو اس بات پر زور دیتا ہے کہ منشیات کے استعمال اور اس کے پھیلاؤ میں معاون نیٹ ورکس کو ہر سطح پر توڑا جائے۔
