ویب ڈیسک: خلائِی مدار میں موجود ایک نوزائیدہ سیارے کی تصویر جیمز ویب خلائی دوربین نے حاصل کر لی، اس میں سیارے کی ماحیت دیکھی جا سکتی ہے۔
جیمز ویب خلائی دوربین نے پہلی بار ایک نوزائیدہ سیارے TWA 7b کی براہ راست تصاویر حاصل کی ہیں، جو زمین سے 110 نوری سال دور ایک ستارے کے گرد گردش کر رہا ہے۔
یہ خلائی دوربین کی پہلی براہ راست دریافت ہے جس میں کسی سیارے کو واضح طور پر دیکھا گیا ہے۔ یہ سیارہ زحل کے حجم کے برابر ہے اور وزن میں وہ کسی بھی ایسے سیارے سے 10 گنا کم ہے، جسے اس سے قبل براہ راست تصویری طریقے سے دیکھا گیا ہو۔
سائنس دانوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ یہ نظام شمسی صرف 60 لاکھ سال پرانا ہے جو اسے سیاروی نظام کی ”نوزائیدہ“ حالت میں دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ پیرس آبزرویٹری کی ماہر فلکیات ڈاکٹر این میری لاگرانژ نے جو اس تحقیق کی قیادت کر رہی تھیں کا کہنا ہے کہ ہم ایک ایسے سیاروں کا نظام دیکھ رہے ہیں جو ابھی اپنی ابتدائی عمر میں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اب تک دریافت ہونے والے تقریباً 6 ہزار سے زیادہ سیارے زیادہ تر بالواسطہ طریقوں سے دریافت کیے گئے تھے، جیسے کہ جب وہ اپنے ستارے کے سامنے سے گزرتے ہیں۔
