ویب ڈیسک: چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان اور ٹیکنالوجی زونز حکومت کی ترجیحات ہیں، اس سلسلے میں حکومت کام کر رہی ہے۔
چیئرمین سینیٹ اور پیپلز پارٹی کے رہنما یوسف رضا گیلانی نے خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں جی آئی کے انسٹیٹیوٹ کے 29 ویں کانووکیشن میں شرکت کی، اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی تیز رفتار ترقی کا انجن ہے، پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت میں نمایاں ترقی آ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئی ٹی برآمدات رواں سال 5 ارب ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے، ٹیکنالوجی ہر شعبے میں انقلابی تبدیلی لا رہی ہے، اسی لئے ڈیجیٹل نیشن پاکستان اور ٹیکنالوجی زونز حکومت کی ترجیحات ہیں، مصنوعی ذہانت، مشین لرننگ اور آئی او ٹی صنعتوں کی تشکیل نو کر رہے ہیں۔
انہوں نے تقریب میں موجود طلبہ کو مخطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعلیم یافتہ نوجوان ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں، کیونکہ یہی طلبہ ہیں جو علم کے ذریعے مثبت اور نتیجہ خیز معاشرے کے قیام میں ہراول دستے کا کردار ادا کرتے ہیں۔
