ویب ڈیسک: وزیر دفاع خواجہ آصف نے ایس سی او کانفرنس سے خطاب میں عالمی برادری پر کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ مسائل کا پرامن حل یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جاری انسانی بحران پر گہری تشویش ہے ۔
وزارت دفاع کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے خطاب کے دوران ایس سی اوکے اصولوں اور مقاصد سے پاکستان کی غیر متزلزل وابستگی کا اعادہ کیا جب کہ عالمی سطح پر جاری تنازعات پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
خواجہ آصف نے کہا کہ غزہ میں فوری طور پرمستقل جنگ بندی نافذ کی جائے، عالمی برادری مسئلہ کشمیر اور فلسطین جیسے دیرینہ حل طلب تنازعات کا پرامن حل یقینی بنائے، ایسے حل طلب تنازعات عالمی امن و سلامتی کے لیے مستقل خطرہ بنے ہوئے ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ دہشتگردی ایک مشترکہ خطرہ ہے جس سے اجتماعی طور پر نمٹنئ کی ضرورت ہے، تمام ریاستیں دہشتگردی کیخلاف مشترکہ کوششوں کو سیاسی رنگ دینے سے گریز کریں، خطے کی پائیدار خوشحالی کے مشترکہ وژن کے حصول کیلئے پر امن اور مستحکم افغانستان ضروری ہے۔
