چمکنی میں گرلز سکول کا راستہ

پشاور:چمکنی میں گرلز سکول کا راستہ نکاسی آب کے سنگین مسئلے کا شکار، طالبات پریشان

ویب ڈیسک: پشاور کے مضافاتی علاقہ یونین کونسل چمکنی میں واقع گورنمنٹ گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول کے مرکزی راستے کو گزشتہ کئی برسوں سے نکاسی آب کے سنگین مسئلے کا سامنا ہے، طالبات شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہو گئیں ۔
سکول کا راستہ خراب ہونے کے باعث زیر تعلیم سینکڑوں طالبات روزانہ بدبو دار، گندے اور کیچڑ بھرے راستے سے گزر کر تعلیمی ادارے تک پہنچنے پر مجبور ہیں۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ مسئلہ صرف طالبات کے لیے نہیں بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی شدید پریشانی کا باعث ہے۔
مقامی شہریوں نے انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ 12 سالوں سے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نہ صرف صوبائی بلکہ ضلعی، تحصیل اور ویلج کونسل سطح پر بھی برسر اقتدار رہی ہے، لیکن عوامی مسائل کے حل کے لیے کوئی سنجیدہ منصوبہ بندی نظر نہیں آتی۔
شہریوں نے شکایت کی کہ ہر بار مسئلے کو وقتی مرمت یا عارضی اقدامات کے ذریعے دبانے کی کوشش کی جاتی ہے، لیکن پائیدار حل کے لیے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا جا رہا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب اسی حلقے سے قومی اسمبلی کا ممبر بھی تحریک انصاف سے منتخب ہوا ہے، تو پھر علاقہ مسائل کا شکار کیوں ہے؟۔

مزید پڑھیں:  ٹرمپ انتظامیہ نے محکمہ خارجہ کے 1400ملازمین کوفارغ کردیا