5ارب کے اکائونٹس منجمد

کوہستان سکینڈل، 5ارب کے اکائونٹس منجمد، جائیدادیں اور گاڑیاںضبط

ویب ڈیسک: حکومت کی جانب سے کوہستان سکینڈل میں کارروائی کرتے ہوئے 5ارب کے اکائونٹس منجمد، جائیدادیں اور گاڑیاں ضبط کر لی گئیں، جبکہ نیب کی جانب سے ملزموں کی پشاور، اسلام آباد، راولپنڈی، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں جائیدادیں تحویل میں لینے کا دعویٰ کیا جا رہاہے، اس دوران ملزموں کے گھروں سے بھاری مالیت کی غیرملکی کرنسی اور3کلو سونا برآمد ہوا،جلد گرفتاریاں ہوں گی۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے کوہستان میں 40 ارب روپے کے بڑے کرپشن سکینڈل کی تحقیقات کے دوران اہم کارروائی کرتے ہوئے ملزموں کے 5 ارب روپے کے مشکوک بینک اکائونٹس منجمد کر نے کا دعویٰ کیا ہے اس کیساتھ ہی نیب نے پشاور ، اسلام آباد، راولپنڈی، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں ملزموں کی 109 کمرشل جائیدادیں بھی ضبط کر نے کا دعویٰ کیا ہے۔ ضبط شدہ جائیدادوں کی تفصیل کے مطابق4 فارم ہائوسز ،12 کمرشل پلاز ے ،2 کمرشل پلاٹ،30 رہائشی مکانات،12 دکانیں،25 فلیٹس اور155 کنال زرعی زمین شامل ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق ملزموں کے گھروں سے چھاپوں کے دوران غیر ملکی کرنسی، 3 کلو سونا اور دیگر قیمتی اشیاء بھی برآمد ہوئی ہیں جبکہ نیب نے 77 قیمتی گاڑیاں بھی ضبط کر لی ہیں، جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جاتی ہے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ اس کیس میں کئی سرکاری ملازمین اور افسروں کے خلاف بھی ثبوت ملے ہیں جن کی جلد گرفتاری کی جا سکتی ہے۔ نیب کی جانب سے اس میگا کرپشن سکینڈل میں مزید کارروائی جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  تحریک انصاف کے نظریاتی ورکرز دولت کے مقابل ہار گئے، عظمیٰ بخاری