غداری کے الزامات مسترد

غداری کے الزامات مسترد ، پی ٹی آئی کے صوبائی وزراء کا سوشل میڈیا پر سخت ردعمل

ویب ڈیسک: غداری کے الزامات مسترد کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے صوبائی وزراء کا سوشل میڈیا پر سخت ردعمل ، صوبائی وزراء مینا خان آفریدی، سہیل آفریدی، ڈاکٹر شفقت ایاز اور ایم این اے شاہد خٹک نے الگ الگ بیانات جاری کر دیئے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے صوبائی وزراء نے سوشل میڈیا پر اپنے خلاف لگائے جانے والے غداری کے الزامات اور پارٹی قیادت کی نافرمانی کے دعووں کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ صوبائی وزراء مینا خان آفریدی، سہیل آفریدی، ڈاکٹر شفقت ایاز اور ایم این اے شاہد خٹک نے الگ الگ بیانات جاری کرتے ہوئے خود کو چیئرمین عمران خان کا حقیقی ساتھی قرار دیتے ہوئے پارٹی کے اندر چل رہی سازشوں کا پردہ فاش کیا۔
صوبائی وزیر اعلی تعلیم مینا خان آفریدی نے کہا ہے کہ ہمیں 26 نومبر کے بعد سے ہی پارٹی میں لائحہ عمل کی ضرورت تھی۔ فی الحال ہمارے پاس کوئی ذمہ داری نہیں لیکن ہماری تیاری مکمل ہے جب بھی پارٹی قیادت ہدایات جاری کرے گی، ہم لبیک کہیں گے۔معاون خصوصی برائے تعمیرات و مواصلات سہیل آفریدی نے کہاہے کہ 26 نومبر کی سیاہ رات کو جب کارکنوں کو شہید کیا جا رہا تھا، ہم فرنٹ لائن پر کھڑے ہو کر ظلم و جبر کا مقابلہ کر رہے تھے۔ ہم نے شہداء کو عزت سے سپرد خاک کیا، زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا اور کارکنوں کا حوصلہ بڑھایا۔ مفاد پرست عناصر مشکل وقت میں غائب ہو جاتے ہیں لیکن ہم عمران خان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے اور ہمیشہ کھڑے رہیں گے۔
معاون خصوصی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت ایازنے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ عمران خان پر سب کی سیاست شروع اور ختم ہوتی ہے۔ ہمیں دشمن کے گیم کا حصہ نہیں بننا بلکہ آپس میں اتحاد قائم کرنا ہے۔رکن قومی اسمبلی شاہد خٹک نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ قوم کے سامنے سچ رکھا۔ جو لوگ مشکل وقت میں ملک چھوڑ گئے ان پر جان لیوا حملے ہوئے۔ ہم ان کی قربانیوں کو تسلیم کرتے ہیں لیکن ہماری قربانیوں کو بھی نظر انداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ غدار کا لیبل ہمارے لیے موت کے برابر ہے۔بجٹ منظور کرنا صوبائی اراکین کی ذمہ داری تھی۔ میں اور مراد سعید اس سے الگ تھے لیکن ہم نے اونرشپ لی۔ میرا کسی کمیٹی سے تعلق نہیں لیکن ہر مہم میں مجھے شامل کر لیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں:  بھارت میں فوجی افسران کے ہاتھوں عورت کی عزت پامال ہونے لگی