ویب ڈیسک: موسم کی تغیر پذیری اثر دکھانے لگی، ضلع چترال میں گلیشیئر پگھلنے لگے، جس سے پانی کی سطح بلند ہونے لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے ائیرپورٹ روڈ پانی میں بہنے لگا۔
تفصیلات کے مطابق چترال میں گرمی کی شدت میں غیر معمولی اضافے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے کا عمل تیز ہو گیا ہے، جس سے دریا کی سطح خطرناک حد تک بلند ہو گئی ہے، اور دریا کا بہاؤ انتہائی تیز ہو چکا ہے، اس سے کئی علاقوں میں کٹاؤ اور تباہی کی نئی لہر پیدا ہو گئی ہے۔
چترال میں گلیشیئر پگھلنے لگے، اور پانی کے بڑھتے بہاو سے ائیرپورٹ روڈ پانی میں بہنے لگا، جبکہ باقی ماندہ حصہ بھی شدید خطرے سے دوچار ہے، جنالی کوچ کے علاقے میں دریا کا پانی بڑھنے سے باغات اور جنگلات تباہ ہو چکے ہیں، جبکہ غورو، پرکوسپ اور مستوج کے علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہو گیا ہے۔
متاثرہ علاقوں میں خوراک اور ادویات کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور عوام کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مقامی ذرائع کے مطابق ایک نجی پارٹی کی جانب سے دریا کا رخ موڑنے کی کوشش اس تباہی کا سبب بنی، جس سے پانی کا قدرتی بہاؤ متاثر ہوا اور کٹاؤ میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا۔
دوسری جانب نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کا نیا سلسلہ متوقع ہے جس سے اچانک سیلاب کے خدشات بڑھ گئے ہیں، عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
