نواز شریف کو مائنس کرنے والا خود

نواز شریف کو مائنس کرنے والا خود مائنس ہوگیا ہے، مریم نواز

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کو مائنس کرنے والا آج خود مائنس ہوگیا ہے، جس کی تصدیق علیمہ خان نے خود کی ہے ۔
پنجاب اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ میری بہن علیمہ خان نے خود فرما دیا بانی مائنس ہو چکے ہیں، آج ہم نہیں کہہ رہے بانی کی بہنیں مائنس کی بات کر رہی ہیں۔
اپنے خطاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز کا کہنا تھا کہ تاریخ کا سب سے بڑا بجٹ دیا، تاریخ کی سب سے بڑی اسپینڈنگ کرنی ہے، پھر اس کے بعد کوئی ٹیکس نہ لگانا معجزہ ہے۔
مریم نواز کی تقریر کے دوران اسمبلی میں اپوزیشن نے اسپیکر کی رولنگ ہوا میں اڑا دی اور سیٹوں سے اٹھ کے احتجاج اور نعرے بازی کی۔
انہوں نے کہا کہ میں پارلیمنٹ کا شکریہ ادا کرتی ہوں جس نے نہ صرف بجٹ پیش کیا بلکہ کثرت رائے سے منظور کرایا، پنجاب کا 30 سال کا ڈومیسٹک قرضہ آج ڈیڑھ سال میں اللہ کے فضل سے صفر ہو چکا ہے اور مسلسل دوسرے سال ٹیکس فری بجٹ دینے کے باوجود پنجاب کا ان سورس ریونیو 50 فیصد بڑھا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بجائے ٹیکس میں اضافہ کرنے کے ٹیکس نیٹ بڑھایا ہے، مائنز اینڈ مںنرلز کے شعبے میں میں 30 ارب روپے کی بچت کی ہے، مائنز اینڈ منرلز میں انقلابی کام کرنے پر وزیر شیر علی گورچانی اور ان کی پوری ٹیم کو شاباش دیتی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی کنڈیشن کے ساتھ ہم نے بچت کی اور آئی ایم ایف کا سرپلس ٹارگٹ پورا کیا، یہ آسان کام نہیں تھا، بہترین مالی مینجمنٹ کی وجہ سے ہم اس میں کامیاب ہوئے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ پہلے سال کی طرح ہم نے صرف منصوبوں کا اعلان نہیں کیا بلکہ سب سے بڑا ترقیاتی فنڈ رکھا اور اس میں ایک ہزار 13 ارب عوام پر خرچ ہوچکا ہے، میں نے پہلی تقریر میں کہا تھا میرا مقابلہ کسی اور سے نہیں اپنی کی جماعت کے جائینٹس سے ہے جن کا نام نواز شریف اور شہباز شریف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اراکین صوبائی اسمبلی کے تعاون کے بغیر میں یہ کامیابی حاصل نہیں کر سکتی تھی،اپنے اراکین اسمبلی کے صبر اور ان کی بردباری کو سیلوٹ پیش کرتی ہوں، اس سے پہلے ہائیسٹ یوٹیلائزیشن 585 بلین تھی۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ میں نے پہلے سال جو وعدے کیے تھے وہ پورے کیے اور آج میں اپنے آپ کو آپ کے سامنے اور اس پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ ہوںے کے لیے حاضر ہوں، میں نے بغیر کسی تفریق کے کام کیا، میرے ہر منصوبے میں پنجاب کے ہر علاقے کے شہری کا وہی حصہ ہے جو لاہور کے باسیوں کا حصہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ بھکر، لیہ، راجن پور، ڈی جی خان اور رحیم یار خان سب شامل ہیں، جس طرح لاہور والے شامل ہیں، جو بڑے شہروں کو ملا وہی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو ملا ہے، کسی بھی طرح کی تفریق مریم ںواز نہیں کر سکتی۔
انہوں نے کہا کہ یہاں جنوبی پنجاب کے نام پر کتنی حکومتیں بنائی اور گرائی گئیں اور جنوبی پنجاب کے ساتھ جھوٹے وعدے کیے گیے اور ہر وعدہ جھوٹا نکلا پینے کے صاف پانی کا سب سے بڑا منصوبہ جنوبی پنجاب سے شروع کرنے جا رہے ہیں۔
مریم نواز شریف کی تقریر کے دوران اپوزیشن اورحکومتی ارکان گھتم گتھا ہو گئے، جس پر مریم نواز نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ان کو لگے رہنے دیں آپ مجھے دیکھیں انہیں تو دیکھتے رہتے ہیں، ان کو بولنے دیں ان کا حق ہے۔

مزید پڑھیں:  ملک بھر میں پہیہ جام ہڑتال کا اعلان ، انکم ٹیکس سے متعلق 5مطالبات پیش