ویب ڈیسک: پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے نظرثانی کیس کے فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسمبلی اور عوامی سطح پر احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔
مخصوص نشستوں سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ عدالت عظمیٰ کے فیصلے سے مایوسی ہوئی ہے اور بہت ناانصافی ہوئی ہے،پی ٹی آئی کیلئے قاضی فائز عیسی کا سایہ آج بھی سپریم کورٹ میں موجود ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ فیصلہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہے، آئین کی غلط تشریح کی گئی ہے، یہ نشستیں پی ٹی آئی کی تھیں، اس فیصلے کے بعد کے پی میں 3 سیٹیں جیتنے والی جماعت کو 11 نشستیں ملیں گی۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ وقت بتائے گا یہ فیصلہ غلط ہے، امید ہے 26 ویں ترمیم ایک دن ختم ہوگی اور اس کے بعد جو سپریم کورٹ بنے گی وہ ضرور کہے گی یہ فیصلہ انصاف پر مبنی نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ اب نظرثانی فیصلے کے بعد کسی اورعدالت میں نہیں جاسکتے، ہم فیصلے کے خلاف اسمبلی اورعوامی سطح پراحتجاج کریںگے ۔
