ویب ڈیسک: اقتصادی رابطہ کمیٹی کی جانب سے مسلح افواج کی تنخواہوں اور دیگر اخراجات کیلئے 15 ارب سے زائد منظور کر لئے گئے، گرانٹ حالیہ پاک بھارت جنگ کے شہدا کے لیے وزیراعظم پیکج کے تحت واجبات ادائیگی کے لیے جاری کی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق مسلح افواج کی تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر اخراجات کیلئے وزارتِ دفاع کی 15 ارب 83 کروڑ 90 لاکھ روپے کی گرانٹ منظور کرلی گئی، اس حوالے سے وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں معیشت، توانائی اور غذائی تحفظ سے متعلق متعدد اہم فیصلے کیے گئے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی کے مطابق منظور گرانٹ حالیہ پاک بھارت جنگ کے شہدا کے لیے وزیراعظم پیکج کے تحت واجبات ادائیگی کے لیے جاری کی جائے گی ، اس کے علاوہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے چینی کی درآمد کی منظوری بھی دے دی ہے۔
