ججز کی سنیارٹی طے

اسلام آباد ہائیکورٹ کےججز کی سنیارٹی طے،جسٹس سرفراز ڈوگرسینئر ترین جج ڈکلیئر

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کی سنیارٹی طے کردی جس کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق صدر مملکت نے سنیارٹی کی منظوری سپریم کورٹ کے 19جون کے فیصلے کی روشنی میں دی ہے اس حوالے سے وزارت قانون و انصاف کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفراز ڈوگر اسلام آباد ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج بن گئے ، جسٹس سرفراز ڈوگر اور 2ججز کا اسلام آباد ہائی کورٹ میں تبادلہ مستقل بنیادوں پرکیا گیا ہے۔
جاری نوٹیفکیشن کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس سرفراز ڈوگر پہلے، جسٹس محسن اخترکیانی دوسرے سینئر جج قرار دے دیئے گئے ۔
اسی طرح جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب سنیارٹی میں تیسرے ،جسٹس طارق محمود جہانگیری سنیارٹی میں چوتھے ،جسٹس بابر ستار سنیارٹی میں پانچویں جبکہ جسٹس سردار اعجاز اسحاق چھٹے نمبر پر ہیں۔
جسٹس ارباب طاہر سنیارٹی میں ساتویں نمبر پر ہوں گے، جسٹس ثمن رفعت سنیارٹی میں آٹھویں، جسٹس خادم سومرو نویں نمبر پر ہوں گے، جسٹس اعظم خان سنیارٹی میں دسویں، جسٹس محمدآصف 11ویں اور جسٹس انعام امین منہاس سنیارٹی میں سب سے آخری 12ویں نمبر ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جسٹس سرفرازڈوگر، جسٹس خادم سومرو اور جسٹس محمدآصف اسلام آباد ہائی کورٹ کے مستقل جج ہوں گے۔
خیال رہے کہ 19 جون کو سنائے گئے اپنے فیصلے میں سپریم کورٹ کے آئینی بینچ نے ججز ٹرانسفر کیس میں ججز ٹرانسفر کے خلاف درخواستیں مسترد کردی تھیں۔

مزید پڑھیں:  غزہ جنگ بندی:اسرائیل اور حماس کےدرمیان مذاکرات کا پہلا دوربے نتیجہ ختم