ویب ڈیسک: وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ آزاد ہوگئے ہیں ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ سوات سانحہ کوئی پہلا حادثہ نہیں ہے ، اس سے پہلے بھی کے پی میں حادثات ہوئے ہیں، وہ مشینری لے کر اسلام آباد پر حملہ آور ہوتے ہیں جبکہ کرپشن کے ریلے میں سارا صوبہ بہہ رہا ہے، آپس کے حصہ کیلئے ان میں لڑائیاں ہوتی رہتی ہیں۔
وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے ایک عرصہ تک پارٹی الیکشن نہیں کرائے، ان کا نام کبھی سنی اتحاد کبھی پی ٹی آئی کبھی کچھ اور ہو جاتا ہے ، یہ کونسی پارٹی ہے ، کونسا برینڈ ہے ، کیا شناخت ہے ، کسی کو نہیں پتا۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ آزاد ہوگئے ہیں اور ہوسکتا ہے وہ لوگ علیحدہ پارٹی بنا کر حکومتی اتحاد میں شامل ہوجائیں، یا تو وہ لوگ کوئی پارٹی جوائن کریں گے یا علیحدہ پارٹی بنالیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی سیٹوں پر گئے اور اسد قیصر اور بیرسٹر گوہر سے ملے لیکن پی ٹی آئی میں کوئی بھی سنجیدہ نہیں کہ بانی پی ٹی آئی رہا ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں بھارت کے خلاف فتح حاصل ہوئی ہے، بھارت ایس سی او سے بھاگا ہے، سندھ طاس معاہدے کے حوالے سے بھی گزشتہ روز فتح ملی، ڈیڑھ ماہ میں ہمیں 3 فتوحات ملی ہیں، بھارتی قیادت اپنی ساکھ بحال کرنے کیلئے کچھ نہ کچھ کرے گی۔
