ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کے جوہری نگران ادارے (IAEA)کے سربراہ رافائل گروسی نے خبردار کیا ہے کہ ایران چند ماہ کے اندر اندر یورینیم کی افزودگی کا عمل دوبارہ شروع کر سکتا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے کو دیے گئے انٹرویو کے دوران گروسی نے انکشاف کیا کہ ایران نے ممکنہ طور پر حملوں سے قبل اپنے کچھ افزودہ یورینیم کے ذخائر کو محفوظ مقام پر منتقل کر لیا تھا،ایران کے جوہری پروگرام کو مکمل طور پر تباہ نہیں کیا جا سکا، اور تکنیکی اعتبار سے وہ چند ماہ میں دوبارہ یورینیم افزودہ کرنے کی صلاحیت حاصل کر سکتا ہے۔
عالمی ادارے چیف نے یہ بھی بتایا کہ عالمی معائنہ کاروں کو اب بھی ایران کے کئی کلیدی نیوکلیئر مراکز تک رسائی حاصل نہیں ہے، جو عالمی برادری کے لیے شدید تشویش کا باعث ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب تک مکمل شفافیت اور معائنہ ممکن نہیں ہوگا، تب تک ایران کے جوہری عزائم کے بارے میں یقین سے کچھ کہنا ممکن نہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق گروسی کا بیان اس بات کا اشارہ ہے کہ ایران کا جوہری پروگرام مکمل طور پر ختم نہیں ہوا بلکہ خطرہ اب بھی بدستور موجود ہے ۔
