ویب ڈیسک: وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے خیبرپختونخوا کے سیاحتی و تفریحی مقامات پر قائم تجاوزات ختم کرنے کا حکم جاری کر دیا، ابتدائی طور پر سیاحتی مقامات پر ہر قسم کی تجاوزات ختم کی جائیں گی۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے مشیر فراز مغل نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کی جانب سے سیاحتی و تفریحی مقامات پر قائم تجاوزات ختم کرنے کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں، اس سلسلے میں ابتدائی طور پر سیاحتی مقامات پر ہر قسم کی تجاوزات ہٹائی جائیں گی، بعدازاں شمالی علاقہ جات کالام، ناران، کاغان سمیت دیگر سیاحتی مقامات میں بھی آپریشن کیا جائیگا۔
انہوں نے کہا کہ تجاوزات خاتمے سے سیاحتی مقامات کی اصل خوبصورتی سامنے آئیگیم دریائے سوات کے کنارے تجاوزات میں ہوٹلز اور دکانیں گرائی گئیں، انہوں نے سخت الفاظ میں کہا ہے کہ تجاوزات کے خلاف کسی بھی قسم کا دباؤ برداشت نہیں کیا جائیگا، اور یہ آپریشن بلا تفریق جاری رہیگا اور اس کا دائرہ کار مزید بڑھایا جائیگا۔
وزیراعلی کے ترجمان کا کہنا تھاکہ تجاوزات کے خلاف آپریشن میں عوامی تعاون حاصل ہے، آپریشن کے دوران ضلعی انتظامیہ، پولیس، ایریگیشن سمیت دیگر ادارے حصہ لے رہے ہیں۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سانحہ سوات کی وجہ سے تجاوزات کیخلاف آپریشن کا عندیہ دیا گیا، جبکہ اب اس کی ضرورت شدت سے محسوس کرتے ہوئے اقدام اٹھایا گیا ہے.
