تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے

تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے کی تیاری، سیلاب کا خدشہ

ویب ڈیسک: تربیلا ڈیم کے سپل وے کھولنے کی تیاری کی جانے لگی ہے، جس سے سیلاب کا خدشہ منڈلانے لگا ہے۔ تفصیلات کے مطابق واٹر اینڈ پاور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی (واپڈا) نے ٹربیلا ڈیم کا سپل وے آن کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا ہے، سپل وے رواں برس کے سیلابی موسم میں پہلی بار کھولا جائے گا، جس کے بعد دریائے سندھ میں پانی کی مقدار درمیانے اور نچلے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔
واپڈا کی جانب سے جاری اعلامیہ میں متعلقہ محکموں کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ادارے، بشمول ضلعی انتظامیہ، پولیس، اور دیگر محکمے، ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے پہلے سے تیاریاں کریں، خاص طور پر ہری پور، صوابی، اٹک اور نوشہرہ کے ڈپٹی کمشنرز کو اس حوالے سے بروقت معلومات فراہم کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مقامی لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ دریائے سندھ کے قریب غیر ضروری جانے سے گریز کریں اور سیلابی صورتحال سے بچاو کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اگرچہ پانی کی سطح میں اضافہ درمیانی حد تک ہوگا، لیکن پیشگی تیاری سے کسی بھی ممکنہ خطرے کو کم کیا جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ تربیلا ڈیم میں پانی سطح بلند ہونے پر پانی کا اخراج عمل میں لایاجاتا ہے جس سے دریاوں میں پانی کی سطح اونچی ہوجاتی ہے سوات واقعہ کے بعد حکومت خیبر پختونخوا نے تمام اضلاع میں انتظامیہ کو الرٹ رکھا ہوا ہے کہ وہ رواں سیلاب سیزن میں پیشگی اقدامات یقینی بنائیں۔

مزید پڑھیں:  قطرمیں امریکی اڈےپرایرانی حملےکی تصدیق،تباہی کی سیٹلائٹ تصاویربھی سامنےآگئیں