ویب ڈیسک: نیدرلینڈز میں شہید فلسطینی بچوں کو منفرد انداز میں خراج عقیدت پیش کیا گیا، نیدرلینڈز کے شہر المیرے میں غزہ کے معصوم شہید بچوں کی یاد میں ایک منفرد احتجاج ریکارڈ کرایا گیا، جس میں ہزاروں بچوں کے جوتے سڑک پر رکھے گئے تاکہ عالمی ضمیر کو جھنجھوڑا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق اسرائیلی بمباری سے شہید فلسطینی بچوں کو منفرد انداز میں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا، ٹاؤن سکوائر پر منعقدہ اس پرامن مظاہرے میں شہریوں، انسانی حقوق کے کارکنوں اور فلاحی تنظیموں نے بھرپور شرکت کی۔
احتجاج کا منظر دیکھنے والوں کے لیے انتہائی جذباتی اور دردناک تھا، جہاں زمین پر بکھرے معصوم بچوں کے جوتے عالمی خاموشی پر سوالیہ نشان بنے نظر آئے۔
یاد رہے کہ یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں، گزشتہ برس بھی نیدرلینڈز کے شہر روٹرڈیم میں ایسے ہی ایک مظاہرے کے دوران 8 ہزار بچوں کے جوتے رکھ کر اسرائیلی مظالم کے خلاف پرزور احتجاج کیا گیا تھا۔
