پنشن بحال کرنے کا حکم جاری

پشاور ہائی کورٹ :ایف سی کے ریٹائرڈ اہلکار کی پنشن بحال کرنے کا حکم جاری

ویب ڈیسک: پشاور ہائی کورٹ نے ایف سی کے ریٹائرڈ اہلکار خان محمد کی پنشن فوری طور پر بحال کرنے کا حکم جاری کرتے ہوئے شناختی کارڈ بلاک کرنے پر نادرا سے وضاحت طلب کر لی ۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے وکیل سیف اللہ محب کاکا خیل ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ خان محمد نے 1981میں ایف سی میں ملازمت اختیار کی، وہ جمرود کے رہائشی اور آباو اجداد سے پاکستانی شہری ہیں۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ریٹائرمنٹ کے بعد کسی نامعلوم شخص کی شکایت پر نادرا نے ان کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا، بغیر کسی نوٹس، شنوائی یا تحقیقات کے۔درخواست گزار کو اس وقت علم ہوا جب وہ پنشن کے لیے بینک گیا اور اسے بتایا گیا کہ کارڈ بلاک ہے اور پنشن بند ہو گئی ہے۔
خان محمد کا موقف تھا کہ انہوں نے زندگی بھر ملک کی خدمت کی، اور اب ریٹائرمنٹ کے بعد پنشن ہی واحد ذریعہ آمدن ہے، ان کی اور ان کے خاندان کی روزمرہ ضروریات اسی پنشن سے وابستہ ہیں۔
عدالت عالیہ کے فاضل ججز جسٹس وقار احمد اور جسٹس ڈاکٹر خورشید اقبال نے ابتدائی سماعت کے بعد نادرا سے جواب طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ جب تک کیس کا فیصلہ نہیں ہو جاتا، خان محمد کو پنشن کی ادائیگی بلا تعطل جاری رکھی جائے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ نادرا نے قانون اور آئین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری کا حق شناخت ختم کیا، جو کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 4، 9، 14، 25 اور 15 کی خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں:  متحرک عالم دین کے قتل نے حکومتی دعووں کو بے نقاب کردیا ،جے یو آئی ترجمان