جنید اکبر گھر بیٹھ جائیں

جنید اکبر رونے دھونے کے بجائے گھر بیٹھ جائیں ،بیرسٹر سیف کا مشورہ

ویب ڈیسک: مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ پارٹی مشکل دور سے گزر رہی ہے ،جنید اکبر رونے دھونے کے بجائے گھر بیٹھ جائیں ۔
میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مشیر اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی سے اس لیے ملاقات کرتا ہوں کیونکہ عمران خان خود مجھ سے ملاقات کے خواہشمند ہوتے ہیں اگر بانی نہ ملنا چاہئیں تو وہ کھل کر کہہ سکتے ہیں کہ وہ نہیں ملنا چاہتے۔
بیرسٹر سیف نے جنید اکبر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ بانی پی ٹی آئی کی طرف سے سونپی گئی ذمہ داریاں پوری نہیں کر پا رہے جس کی وجہ سے وہ پریشان نظر آتے ہیں،جو لوگ کام کرتے ہیں وہ الزامات نہیں لگاتے۔
بیرسٹرسیف نے کہا کہ جنید اکبر کو مشورہ دیا کہ پارٹی ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے، اس لیے رونے دھونے کے بجائے گھر بیٹھ جانا بہتر ہوگا۔
انہوں نے امیر مقام پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ سمجھتے ہیں کہ ان کے بھائی وزیراعلی بن جائیں گے تو یہ ان کی خام خیالی ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، تمام ارکان حکومت کے ساتھ ہیں اور وہ اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔
سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عدالت عظمی کے فیصلے کے بعد آئین کے مطابق جو بھی اقدام ہوگا، صوبائی حکومت اس پر عمل کرے گی، مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ انہوں نے غیر آئینی اور غیر قانونی قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان کو 26ویں آئینی ترمیم پر خوش ہونا چاہیے کیونکہ اسی ترمیم کی بنیاد پر سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے۔
سانحہ سوات سے متعلق بیرسٹر سیف نے بتایا کہ انکوائری جاری ہے اور جو بھی اس واقعے کا ذمہ دار ہوگا، اسے قرار واقعی سزا دی جائے گی،ناجائز تعمیرات اور غیر قانونی مائننگ کے خلاف آپریشن بھی جاری ہے۔

مزید پڑھیں:  عرفان سلیم ہرحال میں سینیٹ الیکشن لڑینگے ، فہرست پرنظرثانی کا مطالبہ