مختلف اضلاع میںِ فائرنگ واقعات

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میںِ فائرنگ واقعات، 4 افراد جاں بحق، 8زخمی

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میںِ فائرنگ واقعات کے باعث 4 افراد جاں بحق جبکہ 8زخمی ہو گئے۔ بنوں، دیر بالا ، مہمند اور ضلع خیبر میں ہونے والے واقعات کے باعث علاقوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
ضلع بنوں کے علاقہ حوید خاص میں نامعلوم افراد کی جانب سے پرائیویٹ چوکیداروں پر فائرنگ کی گئی، جس سے ایک چوکیدار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا، پولیس کی جانب سے بتایا گیا کہ اس واردات کے دوران حملہ آور چوکیداروں کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔
ادھر بنوں میریان پولیس سٹیشن پر ڈرون سے حملہ ہوا ہے، جس سے دو شہریوں کے زخمی ہونے کے اطلاعات ہیں، پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا اغاز کردیا ہے۔
دوسری طرف ضلع دیر بالا کے علاقے براول میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شوہر جاں بحق جبکہ اس کی بیوی زخمی ہو گئی۔
ذرائع نے اس حوالے سے کہا ہے کہ مفتی حبیب کے گھر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی، جس سے مفتی حبیب جاں بحق جبکہ ان کی بیوی زخمی ہو گئی ہیں۔
ضلع مہمند میں یکہ غنڈ سرو ڈھنڈو پل کے قریب ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا، اس سلسلے میں اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو1122 میڈیکل ٹیم اور ایمبولینس جائے حادثہ پہنچ گئی۔
ریسکیو ذرائع نے بتایا ہے کہ جاں بحق اور زخمی کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرتے ہوئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شبقدر منتقل کر دیا گیا ہے، جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت محمّد خان ولد نظرخان سكنہ تحصیل پرانگ غار سے ہوئی، جبکہ زخمی کا نام دیدار خان بتایا گیا ہے ۔
دوسری طرف ضلع خیبر کی تحصیل باڑہ قبیلہ سپاہ میں زمین کے تنازعے پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، جس میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین زخمی ہو گئے، باڑہ کے علاقے سپین قبر میں زمین کے تنازعے پر دو فریقین کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
جاں بحق ہونےو الے شخص کی شناخت ڈاکٹر محمد رازق کے نام سے ہوئی، جبکہ ان کے علاوہ تین افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، پولیس رپورٹ کے مطابق واقعہ یوسف تالاب کے مقام پر پیش آیا، جہاں محمد رازق ولد زاویل، قوم سپاہ تپہ شیخ سوران خیل اور مخالف فریق کے درمیان پرانا زمینی تنازعہ شدت اختیار کر گیا۔
اس دوران فائرنگ سے لگ کر ڈاکٹر محمد رازق جاں بحق جبکہ شاہ جہاں، حسن خان اور محمد خان شدید زخمی ہو گئے، جنہیں فوری طور پر ڈوگرہ ہسپتال منتقل کر دیا گیاباڑہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے۔

مزید پڑھیں:  فتنہ الہند کی بلوچستان میں دہشتگردی، 9مسافر اغوا کے بعد شہید