ویب ڈیسک: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ایران اور اسرائیل کے درمیان سیزفائر میں وزیراعظم کا اہم کردار ہے، لیکن ایران اسرائیل جنگ بندی کے پیچھے بھی وردی ہے ، سیزفائر پر پاکستان کو فخر کرنا چاہیے۔
وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری کے ہمراہ محرم الحرام کے حوالے سے تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ تمام علما کرام کی آمد پر شکر گزار ہوں، قیام امن میں علما کرام نے ہمیشہ اہم کردارادا کیا، چیئرمین رویت ہلال کمیٹی تمام مکاتب فکر کے لوگوں کو ساتھ لیکر چلتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسین علیہ اسلام سب کے ہیں، محرم الحرام میں مذہبی ہم آہنگی کا فروغ انتہائی ضروری ہے، قیام امن حکومت کی ترجیح ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جن علاقوں میں دہشت گردی زیادہ ہے وہاں علما سے بات چیت کرنا ضروری ہے، مقامی لوگوں کی مدد کے بغیر دہشت گردی ختم نہیں ہوسکتی۔
محسن نقوی کا ایک بار پھر اپنا موقف دہرایا کہ ایران اوراسرائیل کے درمیان سیز فائرمیں وزیراعظم کا اہم کردار ہے، تاہم ایران اسرائیل جنگ بندی کے پیچھے بھی وردی ہے ۔
اس موقع پر چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کا کہنا تھا کہ مذہبی ہم آہنگی، رواداری کیلئے پاکستان نے عظیم کردار پیش کیا، اللہ نے ہمیں آپریشن بنیان المرصوص میں کامیابی عطا کی، بھارت جیسے جھوٹے اور مکار ملک نے ہم پر الزام لگایا اور جارحیت کو مسلط کیا۔
