ویب ڈیسک: نواسہ رسول حضرت امام حسین اور ان کے جانثار ساتھیوں کی لازوال قربانی کی یاد میں ملک بھر میں 9محرم الحرام کے جلوس اور مجالس کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں ۔
پشاور ،اسلام آباد،لاہور،کراچی اور کوئٹہ میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں پر گامزن ہیں ، جلوسوں میں شریک عزاداری اور سینہ کوبی، شہدائے کربلاکو خراج عقیدت پیش کیا جارہا ہے۔
کراچی میں جلوس کے راستوں اور پشاور میں موبائل فون سروس بند ہے جب کہ انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کی بھی شکایات ہیں۔
مختلف شہروں میں جلوسوں کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے جبکہ ملک کے بعض بڑے شہروں میں موبائل سروس جزوی معطل کی گئی ہے جبکہ حساس مقامات بھی سیل کر دیئے گئے ہیں۔
پشاور میں امام بارگاہ حسینیہ ہال سے علم اور ذوالجناح کا جلوس برآمد ہو گیا، جلوس میں عزاداران حسین کی زنجیرزنی، سینہ کوبی اور نوحہ خوانی جاری ہے۔
ماتمی جلوس کالی باڑی اور فوارہ چوک بھی جائے گا، جلوس روایتی راستوں سے ہوتا ہوا حسینیہ ہال میں اختتام پذیر ہوگا، فخر عالم روڈ پشاور صدر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہیں، جلوس کے راستوں کی کڑی نگرانی کی جا رہی ہے۔
پشاور میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر نویں اور دسویں محرم کو موبائل فون سروس معطل کر دی گئی ہے۔ شہر میں بی آر ٹی سروس بھی 2 دن کے لیے بند کر دی گئی ہے۔
پشاور شہر میں 10 ہزار سے زائد پولیس و سکیورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ افغان مہاجرین کے اندرون شہر داخلے پر بھی 2 دن کے لیے پابندی عائد کی گئی ہے، قصہ خوانی بازار، خیبر بازار، سرکلر روڈ اور جی ٹی روڈ سمیت متعدد اہم شاہراہیں بند کر دی گئی ہیں۔
ادھر پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں پانڈو اسٹریٹ سے 9 محرم کا مرکزی جلوس صبح 10 بجے برآمد ہوا، جہاں سکیورٹی کے لیے ایک لاکھ 47 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق صوبے بھر میں آج 1689 عزاداری جلوس اور 3895 مجالس منعقد ہو رہی ہیں، جن کی حفاظت پر ایک لاکھ سے زائد پولیس اہلکار تعینات ہیں، لاہور میں 79 جلوس اور 378 مجالس کی حفاظت پر 10 ہزار سے زائد اہلکار مامور ہیں۔
