ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے ای سی او سربراہی اجلاس کے بعد ترک اور آذربائیجان کے صدور کے ساتھ خوشگوار ملاقات کی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خانکندی کی فضاں میں ایک دلکش منظر دیکھنے کو ملا جب وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، ترک صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے ایک ساتھ چہل قدمی کی، باتیں کیں اور دوستی کے جذبے کو ہاتھوں کی زنجیر میں پرو دیا۔
آذربائیجان کے صدر علیوف نے مہمانوں کو نہ صرف خانکندی کی تاریخی عمارتوں سے متعارف کرایا بلکہ خود رہنمائی کرتے ہوئے شہر کی تاریخ کے دلکش اوراق بھی کھولے۔
تینوں رہنما روایتی پروٹوکول سے ہٹ کر بے تکلف انداز میں ہنستے مسکراتے، گھومتے پھرتے نظر آئے، غیر رسمی انداز میں کی گئی گفتگو میں دوستی، اخوت اور علاقائی اتحاد کی جھلک نمایاں رہی۔
بات صرف چہل قدمی تک محدود نہ رہی، صدر علیوف، وزیرِ اعظم شہباز شریف کو ذاتی طور پر ڈرائیو کرتے ہوئے تاریخی شہر شوشا لے گئے جہاں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا تھا، یہ لمحہ سفارتکاری سے کہیں آگے ایک ذاتی تعلق، ایک بھائی چارے کی علامت تھا۔
عالمی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پاکستان، ترکیہ اور آذربائیجان کے درمیان بڑھتی قربت کا یہ سفارتی انداز ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے جس میں سیاست کم، انسانیت اور خلوص زیادہ جھلکتا ہے۔
