ویب ڈیسک: معروف عالمی کمپنی مائیکروسافٹ نے پاکستان میں اپنا دفتر بند کرکے ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرلیاہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کمپنی پاکستان میں اپنے آپریشنز باضابطہ طور پر بند کر رہی ہے،اقدام کمپنی کی عالمی سطح پر جاری چھانٹیوں کا حصہ ہے، کیوں کہ وہ مصنوعی ذہانت کی طرف منتقل ہو رہی ہے۔
ترجمان مائیکروسافٹ نے کہا کہ ہم اپنے صارفین کو قریبی دفاتر کے ذریعے خدمات فراہم کریں گے، ہم یہ ماڈل دنیا کے کئی دیگر ممالک میں کامیابی سے چلا رہے ہیں۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کمپنی مقامی پارٹنرز اور غیر ملکی دفاتر کے ذریعے خدمات فراہم کرے گی۔
بدھ کو مائیکروسافٹ نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنے تقریبا 2 لاکھ 28 ہزار ملازمین میں سے 4 فیصد کو فارغ کر رہی ہے، مئی میں کمپنی نے 6 ہزار ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
کمپنی نے کہا کہ وہ کم منتظمین کے ساتھ اپنے آپریشنز کو چلانے اور اپنی مصنوعات، طریقہ کار اور کرداروں کو بہتر بنانے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ٹیلی کمیونیکیشن نے اپنے ایک بیان کہا کہ عالمی ٹیک کمپنیاں آن-پریمیس سافٹ ویئر ڈپلائمنٹ سے سافٹ ویئر ایز اے سروس ماڈل کی طرف منتقل ہو رہی ہیں۔
