ویب ڈیسک: صدر پی ٹی آئی خیبر پختونخوا جنید اکبر خان کی قیادت میں خیبر پختونخوا پی ٹی آئی نے "رہائی عمران خان تحریک” کے پہلے مرحلے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے جنرل سیکرٹری علی اصغر خان کی جانب سے ایک باقاعدہ ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، جس میں ہر ریجن کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر ہفتے دو سے تین بڑے عوامی پروگرام منعقد کرے۔
جازری ہدایات کے مطابق جلسے، جلوس اور کنونشنز کی قیادت متعلقہ ایم پی ایز اور ٹکٹ ہولڈرز کریں گے جبکہ ضلعی و تحصیل تنظیموں، مقامی ایم این ایز اور چیئرمینز کو مکمل تعاون کا پابند بنایا گیا ہے۔
تحریک میں پارٹی کے تمام ذیلی ونگز بشمول انصاف اسٹوڈنٹس فیڈریشن (ISF)، انصاف لائرز فورم (ILF)، یوتھ، خواتین، مزدور، اور اقلیتی ونگز کو صفِ اول میں متحرک کر دیا گیا ہے۔
ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں عوامی رابطہ اور تحریک کا پیغام گھر گھر پہنچانے کے لیے مکمل متحرک ہو جائیں۔
پارٹی کی تنظیمی اکائیاںریجن، ضلع اور تحصیل سطح پراس تحریک کے دائرہ کار کو وسعت دینے اور عوامی جوش و خروش کو عملی قوت میں بدلنے کی ذمہ داری سنبھالیں گی۔
اگلے ہفتے تمام ریجنز میں مشاورتی اجلاس ہوں گے، جن کی صدارت جنید اکبر خان کریں گے۔ ان اجلاسوں میں تحریک کے اگلے مرحلے کو حتمی شکل دی جائے گی ۔
