واقعہ کربلا ہمیں ظلم کیخلاف ڈٹ

واقعہ کربلا ہمیں ظلم کیخلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے،وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور

ویب ڈیسک: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا ہمیں باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔
عاشورہ محرم کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کا کہنا تھا کہ کربلا میں نواسہ رسول امام عالی مقام حضرت امام حسین نے دین اسلام کی سربلندی کیلئے لازوال اور بے مثال قربانی پیش کیں۔
انہوں نے کہا کہ امام حسین کے اصولوں پر عمل پیرا ہو کر مسلمان نہ صرف اپنی عظمت رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں، سانحہ کربلا تاریخ کے نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت پر مبنی ایک واقعہ ہے، کربلا کے واقعے میں پوری انسانیت کیلئے عظیم درس پوشیدہ ہے۔
وزیراعلیٰ کا مزید کہنا تھا کہ کربلا کا واقعہ ہمیں ایثار، قربانی، حق کی حمایت، باطل کی مخالفت اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ امام عالی مقام یزیدی ظلم و جبر کے خلاف حق کے علمبردار تھے، امام حسین نے ظالم و جابر حکمرانوں اوران کی انسانیت دشمن پالیسیوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کا درس دیا، امام حسین نے اپنے پورے خاندان کی قربانی دے کر حق و صداقت کی بالادستی کیلئے صبر و استقامت کی عظیم مثالیں قائم کیں۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ظلم و لاقانونیت کے خلاف متحد ہو جائیں، اس مقدس مہینے میں مسلکی ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کی اشد ضرورت ہے، تمام مکاتب فکر کے علمااور عوام فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔

مزید پڑھیں:  ضم اضلاع میں قیام امن کیلئے وزیراعلیٰ متحرک، مشترکہ لائحہ عمل بنانے کا فیصلہ