مولانا خان زیب ساتھی سمیت جاں بحق

باجوڑ میں فائرنگ،اے این پی رہنمامولانا خان زیب ساتھی سمیت جاں بحق

ویب ڈیسک: باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما اور سابقہ امیدوار مولانا خان زیب اپنے ساتھی سمیت جاں بحق جبکہ2افراد زخمی ہوگئے ۔
تفصیلات کے مطابق واقعہ باجوڑ کے تحصیل خار کے ہیڈکوارٹر سے چند قدم کے فاصلے پر شنڈئی موڑ کے مقام پر پیش آیا جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے عوامی نیشنل پارٹی کے علما ونگ کے مرکزی سیکرٹری مولانا خان زیب اور ان کے ساتھ تعینات پولیس اہلکار شیر زادہ جاں بحق ہوگئے۔
واقعے میں گاڑی میں موجود دیگر 3 افراد بھی زخمی ہوئے جن کی شناخت ڈاکٹر طارق، شاہ سوار اور عثمان کے ناموں سے ہوئی ہے جنہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
واقعے نے باجوڑ میں کشیدگی پیدا کر دی ہے اور عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنان اور علاقہ کے عام شہری شدید غم و غصے کا اظہار کر رہے ہیں۔
مشتعل مظاہرین نے مولانا خان زیب کی تابوت اٹھا کر خار بازار میں احتجاجی ریلی نکالی۔
احتجاج کے دوران مظاہرین نے سیکیورٹی فورسز کے دفتر پر دھاوا بول دیا اور پتھرا شروع کر دیا، جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے مظاہرین پر شیلنگ کی تاکہ حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔
پارٹی رہنمائوں کا کہنا ہے کہ مولانا خان زیب باجوڑ میں 13 جولائی کو ہونے والے امن مارچ کے حوالے سے مہم کے سلسلے میں نکلے تھے ان کا قتل علاقہ میں سیاسی اور سماجی حالات کو مزید خراب کر سکتا ہے۔
شہید مولانا خان زیب کا جنازہ 11 جولائی بروز جمعہ کو صبح 11 بجے ان کے آبائی علاقے ناوگئی میں ادا کیا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے باجوڑ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے واقعے کی شدید مذمت کی ہے۔

مزید پڑھیں:  سانحہ سوات انکوائری رپورٹ میں محکمہ پولیس کی کوتاہیاں اور ناکامیاں بے نقاب