عالمی خبر رساں ایجنسی’رائیٹرز’ نے ذرائع کے حوالے سے انکشاف کیا ہے کہ سوڈان کی حکومت اور امریکی بحری جنگی جہاز’کول’ پر سنہ 2000ء میںہونے والے حملے کے متاثرین کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے۔ اس معاہدے کے تحت سوڈان ‘کول’ کے متاثرین کو 30 ملین ڈالر کی رقم ادا کرے گا۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق فریقین میں معاہدہ 7 فروری کو طےپایا ہے۔
ادھر سوڈان کی وزارت انصاف نے حال ہی میں اعلان کیا تھا کہ خرطوم حکومت اور امریکی بحڑی بیڑے’کول’ کے متاثرین کے درمیان معاہدہ طے پاگیا ہے۔
سوڈانی وزارت انصاف کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت اس پوری طرح وضاحت کررہی ہے کہ ہم ماضی کی حکومت کی کسی دہشت گردانہ کارروائی اور تخریب کاری کی ذمہ داری نہیں اٹھائے گی۔ موجودہ حکومت دہشت گردی کےخلاف جنگ میں بھرپور حصہ لے گی اور عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام کرے گی۔
خیال رہے کہ گذشتہ برس دسمبر میں سوڈان کے وزیراعظم عبداللہ حمدوک نے بتایا تھا کہ امریکا نے سوڈان پر عاید کردہ پابندیاں اٹھانے کے لیے 7 شرائط پیش کی ہیں۔ ان شرائط پرعمل درآمد کی صورت میں سوڈان کا نام بلیک لسٹ سے نکالا جاسکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ماضی میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے نتیجے میں سوڈان پرعاید ہونے والے جرمانوں کی ادائی کا معاملہ طے نہیں ہوسکا ہے۔ اس میں 12 اکتوبر 2000ء میں امریکی بحری جہاز ‘کول’ پرحملے کا معاملہ بھی شامل ہے۔ اس واقعے میں 17 امریکی فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔ اس حملے کی ذمہ داری القاعدہ نے قبول کی تھی جسے مبینہ طور پر سابق سوڈانی حکومت کی پشت پناہی حاصل رہی ہے۔
امریکا کی ایک عدالت نے اس حملے میں سوڈان کو قصور وار قرار دیتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ اس حملے میں ملوث شدت پسندوںنے سوڈان میں عسکری تربیت حاصل کی تھی۔