neend ki ziyadtiii

نیند کی زیادتی سے نجات پانے کے طریقے

سو کر اٹھنے کے بعد طبیعت بوجھل ہونا ایک عام بات ہے اور ایسا سب کے ساتھ ہی ہوتا ہے ۔لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہوتے ہیں جن کو نیند دن میں بھی تنگ کرتی ہے اورکام میں رکاوٹ بنتی ہے۔اور کام کے دوران بار بار سونے کا دل چاہتا ہے۔دن کی نیند کی وجہ رات کی بے خوابی ہوتی ہے اس کے علاوہ سونے کا خراب روٹین بھی دن کی نیند کا سبب بنتا ہے ۔
ان طریقوں کے ذریعے آپ رات کی نیند بہتر بنا کر دن کی نیند سے نجات حاصل کر سکتے ہیں ۔

رات کو پوری نیند لیں :

رات کی پوری نیند بہت ضروری ہے لیکن ہم میں سے اکثرنیند کے ایک دو گھنٹے رات یا صبح کودوسرے کام کرنے میں ضائع کردیتے ہیں ۔بڑوں کو روزانہ 7سے 9گھنٹے اور نوجوانوں کے لئے 8گھنٹے کی نیند ضروری ہے۔

بستر کو صرف نیند کے لئے ہی رہنے دیں :

اپنے بستر کو صرف نیند کے لئے ہی رکھیں ۔اس پر لیٹ کرمطالعہ کرنے ،ٹی وی دیکھنے،وڈیو گیمز کھیلنے،موبائل یا لیپ ٹاپ استعمال کرنے سے گریز کرنا چاہئے۔بستر پر بیٹھ کر نہ ہی بل دیکھیں اور نہ ہی کوئی جھگڑا کریں ۔کیونکہ فکر کی وجہ سے آپ نہ سو سکیں گے۔

صبح بیدار ہونے کا وقت مقرر کریں :

جن لوگوں کو زیادہ نیند آنے کی شکایت ہوتی ہے انھیں چاہئے کہ روزانہ مقررہ وقت پر سوئیں اور جاگیں۔ حتیٰ کہ ویک اینڈ پر بھی اسی وقت پر سوئیں اور جاگیں ۔لیکن اگر آپ بے خوابی کا شکار ہیں تو وقت مقرر کرنے میں آپ کو پریشانی ہو سکتی ہے۔


آہستہ آہستہ جلدی سونے کی ڈالیں:

روزانہ سونے کے لئے پہلے وقت سے 15منٹ جلدی لیٹ جائیں۔چار دن تک ایسا کریں ۔پھر چوتھے دن کے وقت کو اپنے روٹین میں رکھیں ۔اس طرح سونے کے وقت کو سیٹ کرنے میںزیادہ آسانی ہوگی اور آپ مقررہ وقت سے ایک گھنٹہ پہلے سونے کے عادی ہو جائیں گے۔

ایک ہی وقت پرکھانا کھائیں:

صرف سونے کا وقت ہی نہیں بلکہ اپنے کھانے کا وقت بھی مقرر کریں اس طرح آپ کا سرکاڈیئن ردھم بھی صحیح رہے گا۔بھاگتے دوڑتے ڈونٹ اور کافی کے بجائے صحت بخش ناشتہ اور دوپہر کا کھاناکھائیں ۔کیونکہ صحیح غذا نہ لینے سے بھی سستی رہتی ہے ۔رات کا کھانا بھی سونے سے دو،تین گھنٹے پہلے لیں۔

ورزش کریں:

روزانہ کم ا ز کم آدھاگھنٹہ ورزش کرنے سے نیند کے لئے لا تعداد فوائد ملتے ہیں ۔ورزش، خاص طور پر ایروبک ورزش اچھی اور گہری نیند لانے میں مدد دیتی ہے۔ورزش سے توانائی حاصل ہوتی ہے ۔دن کی روشنی میں ورزش کرنے سے نیند کے لئے زیادہ فوائد حاصل ہوتے ہیں ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ دھوپ میں 30منٹ ورزش کرنے سے آپ کے سونے کی عادت کو بہتر بناتی ہے۔

نیند نہ آئے تو بستر پر نہ جائیں :

اگر آپ صرف تھکے ہوئے ہیں تو بستر پر لیٹ کر آپ کو نیند نہیں آئے گی کیونکہ نیند اور تھکن میں فرق ہوتا ہے۔بستر پر اسی وقت جائیں جب آپ کو نیند آرہی ہو اور آنکھیں نیند سے بوجھل ہونے لگیں ۔

دن میں دیر تک نہ سوئیں:

دوپہر میں دیر تک سونے سے بھی رات کی نیند خراب ہوتی ہے جس کی وجہ سے دن میں نیند آتی رہتی ہے۔

لیٹنے سے پہلے ریلیکس ہو جائیں :

سونے سے پہلے پر سکون ہونے کا روٹین آپ کے دن کو رات سے الگ کردے گا کیوںکہ اکثر کام ذہنی دبائو کی وجہ بنتے ہیں اور آپ کی نیند خراب ہو جاتی ہے۔سونے سے پہلے کچھ دیر مراقبہ کرنا ،گرم پانی سے نہانا،کوئی کتاب پڑھنا،گرین ٹی یا گرم دودھ بھی اچھی نیند لانے میں مددگار ہوتا ہے۔ لیکن اگر اس سے آپ کو بار بار باتھ روم جانا پڑے تو پھر انھیں ترک کر دینا چاہئے۔

کیٹاگری میں : صحت